وزیراعظم ہیلتھ انشورنس، آئندہ برس زیادہ صحافی مستفید : مبشر حسن

 وزیراعظم ہیلتھ انشورنس، آئندہ برس زیادہ صحافی مستفید : مبشر حسن

سکیم سے 5ہزارصحافی مستفید ،پریس کلبوں کی مالی امداد بڑھانے پر کام جاری آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا:صدرلاہورپریس کلب ودیگرسے گفتگو

لاہور (اے پی پی)وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی ہدایت پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) لاہور شفقت عباس نے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداران کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی،اجلاس کے دوران صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل، بالخصوص ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ 

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کیا جائے ۔ انہوں نے چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو فوری مکمل کرنے کی درخواست کی۔اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے بتایا کہ چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی آخری مراحل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پریس کلبوں کی معاونت کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پی ٹی آئی حکومت میں عائد کی گئی پابندیوں کو ختم کر کے پریس کلبوں کی مالی امداد بڑھانے پر کام جاری ہے۔

مبشر حسن نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت نے صحافیوں کیلئے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کے لیے خطیر رقم مختص کر رکھی ہے ، جس سے کم از کم پانچ ہزار صحافی مستفید ہو رہے ہیں، تاہم گزشتہ برس مختص فنڈز کا صرف 29 فیصد استعمال ہو سکا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برس زیادہ سے زیادہ صحافی وزیراعظم ہیلتھ انشورنس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد پریس کلبوں کو مالی معاونت کی فراہمی کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں