دھند : کئی شہروں میں ٹریفک حادثات، میاں بیوی سمیت 6 جاں بحق
بصیر پور میں ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار کاشف نواز ،اس کی اہلیہ ارم اور بھاوج کنزہ عمیرکو کچل ٖدیا،ڈرائیور فرار ملگدا چوک میں کار سوار 2افراد،قصور میں موٹرسائیکل سوار نے دم توڑا، موٹرویز عارضی بند، ٹرینوں کا شیڈول متاثر
لاہور ،اوکاڑہ ،دیپالپور، بصیرپور،ملگدا چوک، قصور(نیوز ایجنسیاں ،نمائندگان دنیا )پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ،اس دوران کئی شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق ،3زخمی ہو گئے ،موٹرویز کو کئی مقامات پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا، لاہور اور فیصل آباد سے دیگر شہروں کو روانہ ہونے والی ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کی تحصیل بصیر پور میں غوث پورہ بائی پاس پرڈسپوزل سٹیشن کے قریب تیزرفتارٹرالر نے شدید دھند کے دوران آگے جانیوالے موٹرسائیکل سوارمیاں بیوی سمیت 3افراد کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں بصیر پور کا رہائشی 30سالہ کاشف نوازشریف ، اس کی بیوی 30 سالہ ارم اور 25 سالہ بھاوج کنزہ عمیر موقع پر ہی دم توڑ گئے ، کاشف نواز اہلخانہ کے ہمراہ حویلی لکھا جا رہا تھا،ٹرالرڈرائیورموقع سے فرارہوگیا ،پولیس نے ٹرالرقبضہ میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
علاوہ ازیں چک نمبر 37 فور ایل پاکپتن روڈ پر ملگدا چوک کے قریب شدید دھند کے باعث ایک کار برساتی نالے میں جا گری جس کے باعث چک نمبر 37 فور ایل کے رہائشی کار سوار 2 افراد 45 سالہ خضر حیات اور40 سالہ محمد اجمل جاں بحق ہوگئے جبکہ 25 سالہ ارشادغفور زخمی ہو گیا ۔ ادھر قصور کے نواح پکی حویلی کے قریب فیروز پور روڈ پر شدید دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی کے اچانک بریک لگانے پر پیچھے سے آنے وا لی 2 موٹرسائیکلیں یکے بعد دیگرے ٹرالی سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں ایک موٹرسائیکل سوار 26سالہ عدنان ولد گلزار موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی 37سالہ وحید زخمی ہوا ۔دوسری موٹرسائیکل پر سوار 15سالہ حمزہ لیاقت بھی زخمی ہو گیا۔ادھر شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے پولیس نے موٹروے ایم 2 کو لاہور سے اسلام آباد، موٹر وے ایم 3 کو فیض پور سے رجانہ ، موٹر وے ایم 4 کو گوجرہ سے ملتان تک بند کر دیا ہے ۔
ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے ، قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پتوکی ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں دھند ہے ، کسووال، اقبال نگر، چیچہ وطنی اور میاں چنوں بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ دوسری طرف دھند کے باعث لاہور ، فیصل آباد سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو روانہ ہونے والی ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہو گیا،قراقرم 42-ڈاؤن کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے 1 گھنٹہ تاخیر سے سہ پہر 4 بجے ،پاک بزنس ایکسپریس 34-ڈاؤن کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجکر 30 منٹ کی بجائے 1 گھنٹہ 45 منٹ تاخیر سے شام 6 بجکر 15 منٹ پر ،کراچی ایکسپریس 16-ڈاؤن کراچی کیلئے شام 6 بجے کی بجائے 1 گھنٹہ 30 منٹ تاخیر سے رات 7 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔لالہ موسی سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس 18-ڈاؤن شام 5 بجکر 50 منٹ کی بجائے 1 گھنٹہ تاخیر سے 6 بجکر 50 منٹ پر فیصل آباد سے روانہ ہوگی۔کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں ۔