کمرشل مینجمنٹ کیلئے 3 ٹرینیں نیلام، 8 کی کسی نے بولی نہ دی

 کمرشل مینجمنٹ کیلئے 3 ٹرینیں نیلام، 8 کی کسی نے بولی نہ دی

اوپن نیلامی میں تینوں کی 1ارب 16کروڑ 80لاکھ روپے کی بولی دی گئی ایک نجی کمپنی نے بنچ مارک سے زائد بولی لگا کرتینوں ٹرینیں اپنے نام کیں

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،آئی این پی)پاکستان ریلوے کی 11 ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ کیلئے کھلی نیلامی ،3 ٹرینیں نیلام، 8 کی بولی میں کسی نے حصہ نہیں لیا۔ محکمہ ریلوے نے 11 ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے کھلی نیلامی کا اہتمام کیا ۔ذرائع کے مطابق ریلوے کی 3 ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ کیلئے 1 ارب 16 کروڑ 80 لاکھ 20 ہزار روپے کی بولی دی گئی جس پر بدر ایکسپریس 31 کروڑ 30 لاکھ 5 ہزار، غوری ایکسپریس بھی 31 کروڑ 30 لاکھ 5 ہزار جبکہ میانوالی ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ 54 کروڑ 20 لاکھ 10 ہزار میں نیلام ہوئی ،ایک ہی نجی کمپنی نے ریلوے کے بنچ مارک سے زائد بولی لگا کرتینوں ٹرینیں اپنے نام کر لیں۔یاد رہے کھلی نیلامی میں 6 فرموں نے حصہ لیاتھا۔تاہم ہزارہ، ملت ،بہاؤلدین زکریا ،فرید ،راوی تھل،فیض احمد فیض اور موہنجوداڑو ایکسپریس کا بنچ مارک زائد ہونے پر کسی فرم نے بولی میں حصہ نہیں لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلام ہونیوالی ٹرینوں کی حتمی منظوری ریلوے کے اعلیٰ حکام دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں