اسلام آباد ایئرپورٹ:عملہ کم کائونٹر ز بند،مسافروں کی قطاریں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آبادایئرپورٹ پر امیگریشن کے محدود عملے اور کاؤنٹرز کی بندش کے باعث بیرون ملک جانے والے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مسافروں کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور امیگریشن کاؤنٹرز پر رش کے باعث پروازوں میں تاخیر کا بھی خدشہ ہے ۔مسافروں نے امیگریشن انتظامات اور غیر معمولی رش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر امیگریشن کے 15کائونٹرز پر 30پوزیشنز موجود ہیں اور ایف آئی اے کی جانب سے صرف 6 کاؤنٹرز فعال ہیں، اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف آئی اے عملے کی کمی کا سامنا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس سے اہلکار لینے پر غور شروع کردیا اور ڈیپوٹیشن پر اہلکار لے کر ان کو تربیت فراہم کی جائے گی۔