قید تنہائی ذہنی تشدد : علیمہ خان، اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا

قید تنہائی ذہنی تشدد : علیمہ خان، اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا

عمران خان اور بشری ٰبی بی سے ایک بار پھر فیملی اور وکلا کی ملاقات نہ ہو سکی رات گئے پولیس آپریشن ، واٹر کینن کا استعمال ، پتھرائو ، کئی کارکن گرفتار

راولپنڈی (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی سے منگل کو ایک بار پھر فیملی اور وکلا کی ملاقات نہ ہو سکی ۔ عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کا وقت ختم ہونے پر دھرنا دیدیا ۔ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود رہی اور نعرے بازی کی۔ رات گئے کارکن سڑک پر جگہ جگہ آگ جلا کر ٹولیوں کی شکل میں بیٹھ گئے ۔بشریٰ بی بی کی بیٹی مہر النساء اور بھابی مبشرہ شیخ کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی ،سامان بھی نہ پہنچایا جا سکا ۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران کو ذہنی تشدد کے لئے قید تنہائی میں رکھا گیا ،حکومت بتائے عمران سے آخر فیملی کی ملاقات کیوں نہیں کراتے ؟، اگر ملاقات نہ کرائی گئی تو ہم سب یہیں پر بیٹھے رہیں گے ۔اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر نورین نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے مزید کہا ہر منگل کو ہمیں یہاں روکا جاتا ہے ، ہم کوئی غیر قانونی اور غیر آئینی کام نہیں کر رہے ، قانون کے مطابق ہمیں ملاقات کی اجازت دے دیں، بانی کو اگر یہاں سے کہیں اور شفٹ کریں گے تو کیا باقی ملک میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہے ؟۔علیمہ خان نے کہا حکومت بتائے میری بہن نے گزشتہ ملاقات پر کیا سیاسی بات کی، سیاسی باتیں تو پارٹی کے لوگوں سے کی جانی چاہئیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہماری حکمت عملی تیار ہے ، واپس نہیں جائیں گے ، واٹر کینن کا استعمال ہوا تو گلیوں میں گھس جائیں گے ۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سب کو یہاں آنا چا ہئے ، یہ صرف ارکان اسمبلی کا کام نہیں ہے ۔علامہ نا صر عباس نے کہا ہمارا حق ہے کہ ہم احتجاج کریں،سب کو احتجاج میں شامل ہونا چاہیے ،ہم یہیں موجود ہیں، یہیں مریں گے ،یہ ریاست ماں نہیں ڈائن ہے ، بیٹوں کی ماں جیسی ریاست کو واپس لانا ہے ،یہ فارم 47 والی ریاست ہے ،آج کے دن ملک ٹوٹا تھا ،پاکستان کے دشمن وہ لوگ تھے جنہوں نے مینڈیٹ چوری کیا ۔ رات گئے پولیس نے فیکٹری ناکے پر آپریشن شروع کردیا ، مظاہرین نے پتھراؤ کیا اورنعرے بازی کی ،واٹرکینن کے ذریعے دھرنا مقام خالی کرالیا ،اطلاعات کے مطابق کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں