متاثرین برسوں سے ذلیل ،سوسائٹیز سودن میں پلاٹ دیں:ہائیکورٹ کاحکم
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں جناح گارڈن، نیشنل اسمبلی ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت دیگر کے الاٹیز کی درخواست میں متعلقہ سوسائٹیوں کو حکم دیا ہے کہ سو دن کے اندر الاٹیز کو پلاٹ دے کر رپورٹ جمع کرائی جائے۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے سیٹلمنٹ معاہدہ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایاگیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز نے آپس میں سیٹلمنٹ کرلی،جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے متاثرین کو ریلیف اور گنجائش دیئے بغیر سیٹلمنٹ معاہدے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین سالوں سے ذلیل ہورہے ہیں، ہاؤسنگ سوسائٹیز نے آپس میں سیٹلمنٹ کر لی،عدالت کا اختیار ہے توہین عدالت کی کارروائی کر کے چھ چھ ماہ کے لیے سوسائٹیز کے ایگزیکٹیو کو جیل بھیج دیں،سو دن کا وقت دے رہے ہیں، متاثرین کو شامل کر کے سیٹلمنٹ معاہدے پر عملدرآمد کرائیں،سو دن کے اندر الاٹیز کو پلاٹ دے کر رپورٹ جمع کرائی جائے ،عدالت نے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔