تمام نوجوانوں کو نوکری دینا ناممکن ، ہنر مندی واحد حل : سپیکر

 تمام نوجوانوں کو نوکری دینا ناممکن ، ہنر مندی واحد حل : سپیکر

دیہی نوجوانوں کو قومی اداروں میں شامل کرنے کی اشد ضرورت :محمداحمدخان ٹیوٹا کے کانووکیشن سے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) ساجد کھوکھر اوردیگرکاخطاب

لاہور (خبر نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر مل کر بھی تمام نوجوانوں کو نوکریاں فراہم نہیں کر سکتے ، اس مسئلے کا واحد پائیدار حل نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہے ۔ بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے اور اب ڈگری یافتہ نوجوان  بھی روزگار سے محروم نظر آتے ہیں، ایسے میں فروغِ ہنر ناگزیر ہو چکا ہے ۔نجی ہوٹل میں ٹیوٹا ہاسپی ٹیلٹی پاس آؤٹس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب ہنر مند پروگرام کے تحت منعقدہ پہلے سالانہ کانووکیشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر 70 فیصد افراد نوکری کے خواہاں ہوں تو سرکاری سطح پر صرف دو فیصد کو ہی روزگار دیا جا سکتا ہے ، حتیٰ کہ دس فیصد افراد کو بھی سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں۔

سپیکر نے تکنیکی تعلیم میں اردو زبان کو ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اردو کو نظر انداز کرنے سے آنے والی نسلیں اپنی قومی زبان سے محروم ہو سکتی ہیں، دیہی علاقوں کے نوجوان 77 برس سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں، تاہم انہیں قومی اداروں میں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ ان کے مطابق ٹیوٹا سے تربیت حاصل کرنے والے اب تک دو لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق محدود وسائل کے باوجود ہنر مندی کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر نے کہا کہ ٹیوٹا نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تکنیکی تعلیم فراہم کر رہا ہے ۔ سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ نادر چٹھہ اور چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ ٹاسک فورس عدنان افضل چٹھہ نے ہاسپی ٹیلٹی سیکٹر میں عالمی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔ کانووکیشن کے اختتام پر 100 طلبہ میں اسناد اور میڈلز تقسیم کیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں