بھارتی سرپرستی میں مکتی باہنی دہشتگردوں نے خون کی ہولی کھیلی
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)1971 میں ازلی دشمن بھارت اور دہشتگرد مکتی باہنیوں نے سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلی۔سقوط ڈھاکہ کا المناک سانحہ دہائیاں گزرنے کے بعد بھی تاریخ کے سینے پر نقش ہے۔
فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)پرویز جنگ نے کہا کہ پاکستان کی آزادی میں مشرقی پاکستان کے عوام نے انتہائی اہم کردارا دا کیا تھا۔ پاکستان بنانے کا مطالبہ بنگالیوں کا تھا جو کبھی ہندوؤں کیساتھ نہیں رہنا چاہتے تھے ۔ ہمارے بنگالی بھائی پاکستان سے کبھی جدائی نہیں چاہتے تھے یہ سب دشمن بھارت کی سازش تھی۔ کرنل (ر)منظور بخشی نے بتایا کہ 1971 میں جب مشرقی پاکستان کے حالات خراب ہو گئے تو یہاں سے ایڈیشنل فورسز بھیجی گئیں،میں بھی ان میں شامل تھا۔ میجر(ر)عبدالرحمان نے کہا کہ ایک گلی میں 2 بچوں کو روتے دیکھا تو پتہ چلا ان کی والدہ قتل کر دی گئی تھیں اور بچے بھوکے تھے ۔ جنگی قیدی بنائے گئے افراد کو کئی روز تک کیمپوں میں کھانا بھی نہیں دیا گیا۔ بریگیڈئیر (ر)بشیر نے بتایا کہ پاکستان ڈے پر ہم نے بھارت سے کپڑا منگوا کر قومی پرچم بنایا اور وہاں لہرایا۔