ای سی سی :وزارتوں اورڈویژنز کیلئے ضمنی گرانٹس کی منظوری
اسلام آباد(اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ جولائی سے نومبر تک کی مدت کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح5فیصد رہی، زرعی سائیکل کی بحالی سے مارکیٹ میں رسد کی صورتحال بتدریج معمول پر آ رہی ہے۔۔۔
پالیسی میں مسلسل ہم آہنگی اور مضبوط نگرانی کا نظام مہنگائی پر قابو پانے میں آئندہ مہینوں میں مزید معاون ثابت ہوگا، اجلاس میں کئی وزارتوں اورڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب کی زیرِ صدارت جمعرات کویہاں ہوا جس میں مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بالخصوص مہنگائی کے رجحانات اور غذائی تحفظ پر توجہ مرکوز کی گئی اور جاری مالی سال کے لئے مالی، ترقیاتی اور سماجی شعبے سے متعلق متعدد تجاویز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ جولائی سے نومبر تک کی مدت کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 5 فیصد رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 7اعشاریہ 9فیصد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے ۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی محتاط مالی نظم و نسق،قیمتوں کے موثر استحکام کیلئے اقدامات اور منڈیوں کی بہتر نگرانی کی وجہ سے ممکن ہوئی ، مہنگائی حکومتی بجٹ تخمینوں کے مطابق ہی رہی ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی سمری پرآزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں دانش سکولز کے قیام اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ذریعے وزیرِ اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے نفاذ کے لئے 5760اعشاریہ 270 ملین روپے کی اضافی رقم تکنیکی ضمنی گرانٹ کی صورت میں منظورکی گئی سندھ اور خیبر پختونخوا میں ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں کے نفاذ کے لئے پی آئی ڈی سی ایل کے ضمن میں وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے 51905ارب 19 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی تجویز پر کمیٹی نے مالی سال 2025-26 کے لئے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے بجٹ کے لئے 17کروڑ 4 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ۔اجلاس میں پنجاب، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام کے تحت سکیموں کے نفاذ کے ضمن میں پاورڈویژن کیلئے 6اعشاریہ 358 ارب روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔