پنجاب :منشیات کیسز کیلئے پہلی بار خصوصی عدالتیں بنانیکی منظوری
سیشن ججز اور مجسٹریٹس کو خصوصی عدالتوں کے اختیارات بھی دئیے جائیں گے فیصلہ محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ ایک بڑی عدالتی اصلاح ہے :پنجاب حکومت
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )منشیات کیخلاف جنگ میں پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ ، صوبہ میں پہلی بار منشیات کے مقدمات کیلئے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی ، منشیات کے کیسز اب عام عدالتوں کے بجائے خصوصی عدالتوں میں چلیں گے ،پنجاب حکومت نے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق خصوصی عدالتوں کا مقصد یہ ہے کہ برسوں تک مقدمات لٹکنے کا سلسلہ ختم ہو اور تیز رفتار سماعت کے ذریعے فوری فیصلے ممکن بنائے جا سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے درج مقدمات میں تاخیر کے باعث تفتیش اور گواہی کا عمل متاثر ہوتا ہے اور کئی کیسز کمزور پڑ جاتے ہیں۔
خصوصی عدالتوں سے پراسیکیوشن اور عدالتی کارروائی میں بہتری آئے گی، چالان بروقت پیش ہوں گے اور گواہوں کے بیانات جلد ریکارڈ ہو سکیں گے ۔ اس اقدام کا یہ بھی مقصدہے کہ منشیات فروشوں اور سمگلنگ نیٹ ورکس کو قانون کے شکنجے میں جلد لایا اور سزا و جزا کے عمل کو مؤثر بنایا جائے ۔ منصوبے کے مطابق سیشن ججز اور مجسٹریٹس کو خصوصی عدالتوں کے اختیارات بھی دیئے جائیں گے تاکہ وہ منشیات کے مقدمات کی ترجیحی بنیاد پر سماعت کر سکیں۔پنجاب حکومت کے مطابق یہ فیصلہ محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ ایک بڑی عدالتی اصلاح ہے جس سے منشیات کے کیسز میں سسٹم ڈیلے کم ہوگا ، فیصلے تیزی سے ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کے بعد خصوصی عدالتوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔