ماڈل کورٹس نے نومبر میں ساڑھے 9 ہزار مقدمات نمٹا دئیے
سول اور مجسٹریٹ کورٹس نے 8ہزار484مقدمات کے فیصلے کئے 247 سول و فیملی اپیلوں، نگرانی اور دیگر مقدمات کے فیصلے بھی جاری ہوئے
لاہور (کورٹ رپورٹر،اے پی پی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی عدالتی اور کیس مینجمنٹ اصلاحات کے باعث پنجاب بھر میں قائم ماڈل کورٹس نے گزشتہ ماہ نومبر میں 9 ہزار512 مقدمات نمٹا دئیے ۔ ماڈل کورٹس کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں قائم فوجداری ماڈل کورٹس نے نومبر کے مہینے میں 781 مقدمات کے فیصلے کئے جن میں103 قتل اور 298 منشیات سے متعلق تھے ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ججز کی ایپلیٹ ماڈل کورٹس نے 247 سول و فیملی اپیلوں، نگرانی اور دیگر مقدمات کے فیصلے جاری کئے ۔ ماڈل سول اور مجسٹریٹ کورٹس نے مجموعی طور پر8 ہزار484 مقدمات اور ماڈل سول کورٹس نے 2 ہزار94 مقدمات کے فیصلے کئے جن میں ریگولر سول، فیملی، گارڈین، رینٹ اور دیگر سول نوعیت کے مقدمات شامل ہیں۔ دوسری جانب ماڈل مجسٹریٹ کورٹس نے 6 ہزار390 مقدمات کے فیصلے کئے جن میں فرسٹ کلاس، سیکشن30 اور دیگر معمولی نوعیت کے جرائم سے متعلق مقدمات شامل ہیں۔واضح رہے چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات کے نتیجے میں صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں، بالخصوص ماڈل کورٹس میں مقدمات کے جلد اور معیاری فیصلوں کا عمل مزید موثر ہو گیا ہے ۔