اب جھوٹ بولنے والوں کی باری

اب جھوٹ بولنے والوں کی باری

سکھر (نمائندہ دنیا) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے جنرل (ر) فیض حمید کو ملنے والی سزا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان لوگوں کی باری ہے جو واویلا کرکے بڑی ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناصر شاہ نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے جنرل کو سزا ملی ہے اور اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سر جاتا ہے ، بانی پی ٹی آئی مکافات عمل سے گزررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا فیض حمید کو سزا ایک سوچ کو سزا ہے ، ہم سمجھتے ہیں جو منصوبہ ساز تھے ان کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے ، اس میں حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا بھی گٹھ جوڑ رہا ہے ،انہوں نے کہا پورے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ بااختیار بلدیاتی نظام سندھ میں ہے اور ہم اسے مزید بااختیار بنارہے ہیں،ہم اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں لیکن ایم کیو ایم جو اس وقت بلدیاتی نظام کا حصہ بھی نہیں وہ کس منہ سے اس پر بات کررہی ہے ، اس کی مثال اس وقت پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ جیسی ہے ۔ انہوں نے کہا جو اچھا کام کرے اس کی تعریف بھی ہونی چاہیے ، اگر مریم نواز اچھا کام کررہی ہیں تو ہم انہیں سراہتے ہیں، لیکن ہم نے جو کام کیے ہیں ان کی بھی تو تعریف ہونی چاہئے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم کسی ایسی ترمیم کو پاس نہیں ہونے دیں گے جو سندھ یا پاکستان کے خلاف ہو، ہم پاکستان کے دفاع کے لیے اپنا پیٹ کاٹ کر بھی حصہ دیں گے لیکن این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے پر قدغن نہیں لگنے دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں