بھارتی بربریت : دنیا کو کھڑا ہونا ہو گا
اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آج خطبات جمعہ میں بھارت میں خاتون ڈاکٹر کا نقاب اتارنے اور آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی جائے گی۔
دنیا میں اس وقت بھارت سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے ، بھارت کی اس دہشت، وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو کھڑا ہونا ہو گا۔ پاکستان کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنے گا جس سے اہل فلسطین کو نقصان پہنچے ۔ جمعرات کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا بھارت میں تین روز پہلے بہار کے وزیر اعلیٰ نے ایک مسلمان خاتون کا اپنا اپوائنٹمنٹ لیٹر لینے کے وقت بیدردی سے حجاب اتارنے کی کوشش کی جس کی پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور عالم اسلام کے تمام مسلمان (آج) خطبات جمعہ میں اس عمل کی مذمت کریں گے۔ انہوںنے کہا آسٹریلیا سے اظہار یکجہتی کے لئے آسٹریلین ہائی کمیشن گئے، آسٹریلوی ہائی کمیشن نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گرد کا تعلق بھارت کے شہر حیدر آباد سے ہے۔