گزارش ہے عمران کو کسی اور جیل بھیج دیں:گورنر پختونخوا
اگر صوبائی حکومت تعاون کرے تو گورنر راج کی نوبت نہیں آئیگی :فیصل کنڈی جب تک عمران اندر ہے ان کا منجن بک رہا ، 28 ویں ترمیم لازمی آئیگی :گفتگو
لاہور،چنیوٹ(سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر راج سرجری ہے ،چاہتے ہیں اینٹی بائیوٹک سے کام چل جائے ،علی امین کرپشن ، ہیلتھ کے حوالے سے بدترین صوبہ چھوڑ کر گئے ،سہیل آفریدی کو چاہیے اڈیالہ کی بجائے اپنے صوبہ میں رہیں، اگر صوبائی حکومت تعاون کرے تو گورنر راج لگانے کی نوبت نہیں آئے گی ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے عمران خان کو کسی اور جیل بھیج دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رجوعہ سادات چنیوٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ سے انکے والد غلام مرتضی شاہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر پختونخوا نے کہا کہ جب بھی کسی غیر ملکی مہمان نے پاکستان آنا ہوتا ہے یہ لوگ احتجاج شروع کر دیتے ہیں ،ہم دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرسکتے ،پی ٹی آئی والے خودمائنس عمران خان چاہتے ہیں،جب تک عمران خان اندر ہے انکا منجن بک رہا ہے مگران کو اپنی کرتوتوں کی سزا ملے گی ۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ 28 ویں ترمیم لازمی آئیگی اور اس پر غور بھی کرینگے ،نیب سے درخواست کرتے ہیں اغوا برائے کرپشن کا ادارہ نہ بنے ،کوہستان کا 50 ارب کا سکینڈل، بلین ٹری کا سکینڈل سامنے آیا ،ثبوتوں کے باوجود انکے خلاف کارروائی نہیں کی گئی ،جو کرپشن میں مطلوب ہیں پکڑے جائیں گے ۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ہم نے چالیس سال اپنے افغان بہن بھائیوں کو یہاں رکھا،آج دنیا بھر میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے وہاں افغان شامل ہوتے ہیں،افغانیوں کو اب پاکستان آنے کیلئے ویزا لینا ہوگا،ہم نے افغان حکومت کو بار بار کہا کہ انڈیا اور اسرائیل کو اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے دیں اور ان کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔