پی آئی اے کی نجکاری روکی جائے :عالمی ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن
نجکاری کے عمل میں یونینز کو اعتماد میں نہ لینا باعث تشویش اور ناقابل قبول ہے شفاف اور تعمیری بات چیت کو یقینی بنایاجائے :سیکرٹری کا وزیراعظم کے نام خط
اسلام آباد (نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک )انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن نے وزیراعظم شہبازشریف سے پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔یہ مطالبہ ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کیا گیا ہے ، جس میں تنظیم کے جنرل سیکرٹری نے پی آئی اے میں شامل یونینز کو اعتماد میں لیے بغیر نجکاری ے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری سے متعلق پی آئی اے کی یونینز کو اعتماد میں نہ لینا سوالیہ نشان ہے ، لہذا پی آئی اے کی نجکاری کو فوری روکا جائے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کی نمائندگی کرنے والی ٹریڈ یونینوں کے ساتھ بامعنی بات چیت کی جائے ۔ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل سے یونینز کو اعتماد میں نہ لینا تشویش کا باعث اور ناقابل قبول ہے ۔ یہ عمل مزدوروں کے بین الاقوامی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ خط میں مزید کہا گیا کہ آئی ٹی ایف حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ نجکاری کے عمل کو فوری طور پر روکا جائے ۔ آئی ٹی ایف کے جنرل سیکرٹری اسٹیفن کاٹن نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ اور یونینوں کے درمیان شفاف اور تعمیری بات چیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔