بنیان مرصوص میں کامیابی تیاری کا ثبوت: ائیر مارشل کاشف قمر
پاک فضائیہ کو مثالی جرأت کے باعث مؤثر جنگی قوت تسلیم کیا جا تا ،تقریب سے خطاب پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی کریک میں پاسنگ آؤٹ پریڈ ،ٹرینیزمیں انعامات تقسیم
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی کریک میں ٹریننگ مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ پریڈ میں انٹری نمبرز 2306، 2406 اور 2412 کے ٹرینیز شامل تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر مارشل کاشف قمر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔ اس موقع پر پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی اور دوست ممالک کے مجموعی طور پر 1155 ٹرینیز نے کامیابی کے ساتھ اپنی ٹریننگ مکمل کی۔ مہمان خصوصی نے کہا پاک فضائیہ ایک نہایت پیشہ ورانہ ادارہ ہے جس کو اپنی مثالی جرأت ،بہادری اور آپریشنل تیاری کی وجہ سے ایک مؤثر جنگی قوت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ کی کامیابی اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری اور سربراہ پاک فضائیہ کی پُرعزم قیادت کا واضح ثبوت ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو جدید دور کے تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ رکھنا ضروری ہے ۔ا س موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے ٹرینیز میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔