بلوچستان ،پختونخوا کے کئی علاقوں میں بارش، پنجاب میں دھند
لاہور ،راولپنڈی،کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک، خصوصی نامہ نگار،دنیا نیوز) مختلف شہروں میں شدید دھند برقرار، کئی علاقوں میں ہلکی بارش،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اورفیصل آباد سمیت کئی علاقے گزشتہ روزبھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ،حدنگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ۔ موٹروے پولیس نے شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک اور موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کر دی گئی۔لاہور میں ٹھوکر، سندر، دیناناتھ اور پھول نگر کے علاقوں میں بھی دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہو گئی،ترجمان موٹر وے نے کہا کہشہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادھر گزشتہ شب جڑواں شہروں اورفتح جنگ کے علاوہ خطہ پوٹھو ہار اور اطراف میں طویل خشک سالی کے بعد بونداباندی جبکہ مری گلیات ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں ہلکی بارش ہو ئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آ ج اور کل بھی مری کے گرد و نواح میں برفباری، دیگر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ،آج سے ناران، کاغان، چترال، وادی نیلم میں بھی برفباری متوقع ہے ۔دریں اثنا کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 123 دن بعد بادل برس پڑے ۔ زیارت، ہرنائی، چمن، موسیٰ خیل ،چاغی، نوشکی، پشین، واشک، کیچ اور گودار میں وقفے وقفے سے بارش جا ری ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جیوانی 9 ،گوادر 8 ، دالبندین 2، تربت میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔