وزیر داخلہ کا دورہ وزارت ریلوے ، دونوں وزارتوں میں تعاون پر اتفاق
محسن نقوی کی حنیف عباسی سے ملاقات، جاری اصلاحا تی اقدامات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وزارتِ ریلوے کا دورہ کیا ،انہوں نے وفاقی وزیرِ ریلویز محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی ،ا س موقع پر ریلوے سے متعلق امور، جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ حنیف عباسی نے وزیرِ داخلہ کو سال 2025 کے دوران پاکستان ریلوے میں کی جانے والی انقلابی اصلاحات پر بریفنگ دی۔ اس دوران ریلوے کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے ، آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ ریلوے کے درمیان باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے ریلوے کے نظام کو محفوظ اور جدید بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت پاکستان ریلوے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے ، مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔