کوشش ہے صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر بجلی ملے : وزیر اعظم
سفارشات مکمل ہونے کے بعد معیشت کی ترقی کا قومی پروگرام ترتیب دیا جائیگا وزیراعظم کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھرپور کوشش ہے کہ صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر بجلی ملے ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کے حوالے سے تشکیل دئیے گئے نجی شعبے کے ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم کو معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے وزیر پاور ڈویژن کو بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کے لیے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ دیگر شعبوں میں بنائے گئے مختلف ورکنگ گروپس کی سفارشات مکمل ہونے کے بعد معیشت کی ترقی کا قومی پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کرنے کیلئے حکومت کی تمام توجہ مرکوز ہے ۔وزیراعظم نے شہزاد سلیم کی سربراہی میں نجی شعبے سے مشاورت کے حوالے سے بنائی گئی توانائی کی کمیٹی کی محنت اور کاوشوں کی تعریف کی۔اجلاس میں ٹیرف سٹرکچر، بجلی کی ترسیل کے حوالے سے مشکلات، مناسب نرخوں اور بجلی کے شعبے سے متعلق دیگر امور پر سفارشات پیش کی گئیں۔اجلاس کو بجلی کی ٹرانسمیشن اور وولٹیج کے نظام کو قابل اعتماد بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔