بھارتی فوج میں کرپشن، جنسی جرائم،منشیات سکینڈل رپورٹ

بھارتی فوج میں کرپشن، جنسی جرائم،منشیات سکینڈل رپورٹ

لیفٹیننٹ کرنل اور دیگر اہلکار رشوت، زیادتی اور منشیات سمگلنگ میں گرفتار ہوئے بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ ساکھ اور نظم و ضبط شدید متاثر ہو رہا ، تجزیہ کاروں کی رائے

   اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) بھارتی فوج اور اس سے وابستہ اہلکاروں کے خلاف کرپشن، جنسی جرائم اور منشیات سمگلنگ سے متعلق متعدد سنگین واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے ادارہ جاتی نظم و ضبط اور اخلاقی اقدار پر سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔بھارتی جریدے ایشیا نیٹ نیوز کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے رشوت خوری کے ایک مقدمے میں بھارتی فوج کے افسر لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما اور ایک شہری ونود کمار کو گرفتار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما بھارتی وزارتِ دفاع میں تعینات ہیں، جبکہ ان اور ان کی اہلیہ کرنل کجل کے خلاف بھی کرپشن کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔جنسی جرائم کے ایک اور واقعے میں بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا ہے کہ جھارکھنڈ میں ٹرین کے اندر ایک خاتون سے زیادتی کے الزام میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق ملزم نے پلیٹ فارم پر موجود خاتون کو زبردستی ٹرین میں لے جا کر جرم کا ارتکاب کیا۔ ملزم کی شناخت اجیت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو پنجاب میں 42 میڈیم رجمنٹ میں تعینات بتایا جاتا ہے۔

اسی طرح دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نیپال سرحد کے قریب بھارتی قصبے رکسول سے ایک سابق بھارتی فوجی اہلکار راجبر سنگھ کو 500 گرام ہیروئن اور ایک گرینیڈ کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کا ساتھی چراغ پہلے ہی گرفتار ہو چکا تھا جس کے قبضے سے 400 گرام ہیروئن اور ایک پستول برآمد ہوئی۔ اخبار کے مطابق دونوں ملزمان منشیات سمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک میں ملوث تھے ۔دفاعی اور سکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان واقعات سے بھارتی فوج میں نظم و ضبط، احتساب اور پیشہ ورانہ معیار پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق ایسے واقعات نہ صرف ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ خطے میں انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تشویش میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔تجزیہ کاروں نے زور دیا ہے کہ بھارتی عسکری قیادت کو ان الزامات کی شفاف تحقیقات کے ذریعے مؤثر احتساب یقینی بنانا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں