خانیوال:سلیب نہ ہونے پر 2 بچے سیوریج نالے میں گر گئے
موجود شہریوں نے فوری باہر نکال لیا ،3 سالہ حماد کو معمولی چوٹیں آئیں وزیر اعلیٰ کا ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم ، ڈی سی سے رپورٹ طلب
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)میونسپل کمیٹی خانیوال کی مبینہ نااہلی کے باعث کچہری بازار میں بلدیہ آفس سے چند فٹ کے فاصلے پر واقع کھلے سیوریج نالے میں دو معصوم بچے گر گئے ، تاہم شہریوں کی بروقت مدد سے بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔ واقعے کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خانیوال سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق کچہری بازار میں واقع سیوریج نالے پر دو ماہ سے حفاظتی سلیب نصب نہیں کی گئی تھی۔ گزشتہ روز تین کمسن بہن بھائی کھانے پینے کی کوئی چیز لینے کیلئے وہاں سے گزر رہے تھے کہ اچانک 5سالہ ابراہیم اور3 سالہ حماد کھلے سیوریج نالے میں جا گرے ،موقع پر موجود شہریوں نے فوری طور پر نالے میں اتر کر دونوں بچوں کو باہر نکال لیا، جس کے باعث ممکنہ جانی نقصان ٹل گیا، حماد کو معمولی چوٹیں آئیں جسے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ حکام کو متعدد بار کھلے نالے کی نشاندہی کی گئی مگر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔