ڈیزل سستا:ریلوے کے کرائے برقرار، مسافر ریلیف سے محروم
پاکستان ریلوے کو روزانہ 49 لاکھ کی بچت ہو رہی، عوام کو فائدہ نہیں ہوا ڈیزل مہنگا ہوتے ہی کرائے بڑھا دیتے ہیں، اب خاموشی کیوں ہے :شہری
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )ڈیزل سستا ہونے کے باوجود ریلوے کے کرائے جوں کے توں برقرار، ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لٹر کمی سے پاکستان ریلوے کو روزانہ 49 لاکھ کی بچت ہو رہی ، مگر مسافروں کو ریلیف نہ مل سکا ۔ ذرائع کے مطابق ریلوے روزانہ 3 لاکھ 50 ہزار لٹر ڈیزل استعمال کرتا ہے ، ڈیزل نرخوں میں کمی سے ریلوے کو یومیہ 49 لاکھ روپے کی بچت ہورہی ہے تاہم اس بچت کے باوجود مسافر اور گڈز ٹرینوں کے کرائے 18 جولائی 2025 کے ریٹس پر برقرار ہیں، کرائے 284 روپے فی لٹر ڈیزل کی بنیاد پر مقرر ہیں مگر ڈیزل کے موجودہ نرخ 265 روپے فی لٹر ہیں ،حالیہ دنوں میں مجموعی طور پر 18 اعشاریہ 7 روپے فی لٹر قیمت میں کمی ہوئی مگر فائدہ عوام کو منتقل نہ ہوا۔شہریوں نے کہا ہے کہ ریلوے کی جانب سے ڈیزل مہنگا ہوتے ہی کرایوں میں اضافہ ہو جاتا ہے مگر سستا ہونے پر خاموشی کیوں ہے ،ڈیزل کی قیمت میں دو بار کمی ہو چکی مگر ریلوے کرایوں میں ایک روپیہ بھی کمی نہیں ہوئی ، وزیر ریلوے عوام کو ریلیف دلائیں۔