قائد اعظم کا یوم پیدائش، مزار پر پروقار تقریب، گارڈز تبدیل

قائد اعظم کا یوم پیدائش، مزار پر پروقار تقریب، گارڈز تبدیل

چاق و چوبند دستے کی سلامی،پی ایم اے کاکول نے گارڈز کے فرائض سنبھالے صدر ،وزیراعظم اور عسکری قیادت کا خراج عقیدت ،ملک بھر میں تقریبا ت

لاہور ،کراچی (سٹاف رپورٹر)بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت، احترام اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا،کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جبکہ سیاسی، عسکری اور سرکاری شخصیات سمیت مختلف مکاتبِ فکر نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چودھری (ہلالِ امتیاز)تھے ، جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے ، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے ۔ یوم قائد کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فجر کے بعد مساجد میں قائداعظم، ملک کے امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن قائداعظم کے رہنما اصولوں، جمہوریت، آئین کی بالادستی، سماجی انصاف، مذہبی ہم آہنگی اور مساوات و قانون کی حکمرانی پر مبنی فلاحی ریاست کے وژن سے وابستگی کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری نے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو ترقی، سماجی ہم آہنگی اور قومی اعتماد کیلئے ناگزیر قرار دیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کے نظریات کو اپنائیں۔ عسکری قیادت نے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر قائم ایک مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے قائداعظم کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں