ڈسکوزکی نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں پرغیرعلانیہ پابندی ، نیپرا کا نوٹس

 ڈسکوزکی نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں پرغیرعلانیہ پابندی ، نیپرا کا نوٹس

بجلی کمپنیوں کی جانب سے نئی درخواستیں وصول نہ کرنا تشویشناک،پالیسی کی خلاف ورزی قابل تجدید توانائی فروغ کو نقصان پہنچ سکتا ، ڈسکوز 3دن میں وضاحت دیں ،نیپرا کی ہدایت

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی ) حکومت کی جانب سے سولر نیٹ میٹرنگ رولز میں تبدیلی کا سن کرملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستیں غیر علانیہ طور پر وصول کرنا بند کردیں۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے کا سخت نوٹس لے لیا اور تمام ڈسکوز کو تین ورکنگ دنوں کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ۔ نیپرا کے کنزیومر افیئرز ڈیپارٹمنٹ نے انتہائی ہنگامی مراسلہ جاری کیا ہے۔

روزنامہ دنیا کو دستیاب مراسلے کی کاپی کے مطابق اتھارٹی کے نوٹس میں آیا ہے کہ متعدد ڈسکوز نے اپنی حدود میں نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن روک دی ہے جو نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ مروجہ قوانین اور متعلقہ پالیسی کی بھی خلاف ورزی ہے۔ نیپرا نے فیصل آباد، گوجرانوالہ، ہزارہ، حیدرآباد، اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ، سکھر، ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی اور کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ تین ورکنگ دنوں کے اندر جمع کرائیں۔

نیپرا کے مطابق نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنا صارفین کے حقوق کے منافی ہے اور یہ ایک سنگین معاملہ ہے اس لیے اسے انتہائی ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ نیپرا کے مطابق اس اقدام سے قابل تجدید توانائی کے فروغ اور صارفین کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا تمام ڈسکوز کو قانون کے مطابق فوری طور پر وضاحت دینا ہو گی۔ نیپرا نے اپنے علاقائی دفاتر کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر متعلقہ ڈسکوز کے ساتھ فالو اپ کرکے تفصیلی رپورٹ اتھارٹی کو پیش کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں