یو اے ای صدر آج پاکستان پہنچیں گے، اسلام آباد میں تعطیل
قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں سمیت دیگر سرکاری سرگرمیاں مؤخر ٹریفک پلان جاری ،شہر مختلف مقامات سے دن 11 بجے تا 3 بجے تک بند
اسلام آباد(دنیا رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر آج دورۂ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے ، وفاقی دارالحکومت میں آج سرکاری تعطیل ہوگی ٹریفک پلان بھی جاری کردیاگیا۔ ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ آج بند رہے گا، جس کا باضابطہ دفتری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ، تعطیل کے باعث قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام شعبے بند رہیں گے جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں سمیت دیگر سرکاری سرگرمیاں مؤخر کر دی گئی ہیں۔ مؤخر کیے گئے اجلاسوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے باعث اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف مقامات دن 11 بجے تا سہ پہر 3 بجے تک ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔ اس دوران ایکسپریس ہائی وے اور مری روڈ/کلب روڈ پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق ایکسپریس ہائی وے پر سفر کرنے والے شہری روات سے راولپنڈی پشاور روڈ کا استعمال کریں، جبکہ آئی جے پی روڈ اور سرینگر ہائی وے سے ایکسپریس ہائی وے جانے کے لئے سروس روڈز اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے لئے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھ کر نکلیں۔ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت کے لئے سڑکوں پر موجود ہوں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے ۔