ڈائیلاگ ، ڈائیلاگ، ڈائیلاگ ہی ہر مسئلے کا حل ، پرویز اشرف

ڈائیلاگ ، ڈائیلاگ، ڈائیلاگ ہی ہر مسئلے کا حل ، پرویز اشرف

پی ٹی آئی کو کہوں گا کوئی ایسا راستہ اختیار نہ کرے جس سے ملکی سالمیت کو خطرہ ہو یقین ہے آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی جیتے گی،کرسمس کی تقریب سے خطاب

لاہور(سپیشل رپورٹر)سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ڈائیلاگ، ڈائیلاگ، ڈائیلاگ اور مذاکرات ہی ہر مسئلہ کا حل ہیں،پی ٹی آئی کو کہوں گا کہ ملکی مفاد میں مذاکرات کا راستہ اپنائیں،کوئی ایسا راستہ  اختیار نہ کریں جس سے ملکی سالمیت کو خطرہ ہو یا ملکی بدنامی ہو، افراتفری پھیلے۔ وہ میتھو ڈسٹ چرچ مریم نشاط کالونی لاہور کینٹ میں پی پی وسطی پنجاب اقلیتی و گل کے نائب صدر ایڈون سہوترا کی طرف سے کرسمس کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

راجہ پرویز اشرف نے پی آئی اے کی نجکاری کو ملکی مفاد کے حق میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف پی آئی اے ملازمین کا تحفظ یقینی چاہتے ہیں،اگر انکے روزگار کا تحفظ ہے تو پھر کوئی مضائقہ نہیں،حکومت بزنس نہ کرے بلکہ ایسی فضا پیدا کرے جس میں کاروبار ہو سکیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ وزیر اعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت ایک احسن اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے جو کامیابی حاصل کی اس کی پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ،قبل ازیں چرچ میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب،عقیدے کے لوگ رہتے ہیں۔

پہلے پاکستانی پھر مسلم یا کرسچن ہیں، تمام مذاہب کا پیغام محبت،پیار اور ایک دوسرے کی مدد اور آسانیاں پیدا کرنا ہے ، مجھے یقین ہے کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی،پیپلز پارٹی ایک خاندان ہے جس میں کوئی چھوٹا بڑا نہیں۔وہ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پیپلز پارٹی میں سمبڑیال سے ٹی ایل پی کے ٹکٹ ہولڈر ساجد رحمانی، عبید اللہ طور اورشاہد عمران ایڈووکیٹ، عندلیب اشرف، اشرف شاہین، اقبال نقوی,ثوبیہ ملک،محمد صدیق چیئرمین حوریہ کنسٹرکشن کمپنی، مسلم لیگ ن کے حسن علی کھوکھر کو پارٹی مفلر پہنانے کے بعد گفتگو کر رہے تھے ،راجہ پرویز نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے لوگوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں