2025میں بھی مہنگائی کم نہ ہوسکی ،مزید 13اشیا مہنگی،11سستی

2025میں بھی مہنگائی  کم نہ ہوسکی ،مزید 13اشیا مہنگی،11سستی

سال کے اختتام تک چینی، آٹا، دودھ، سبزیاں، پھل ، گوشت سمیت روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری رہا جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں بھی آسمان پر، ایک ہفتے میں مہنگائی 0.09 فیصد بڑھ گئی،چکن ، لہسن ، انڈے مہنگے

 اسلام آباد(سید قیصرشاہ )رخصت ہونے والے سال 2025 میں بھی عوام مہنگائی کے عفریت سے نجات حاصل نہ کر سکے ،ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.09 فیصد بڑھ گئی۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 2.83 فیصد ریکارڈ ہوئی، ایک ہفتے میں 13 اشیاء مہنگی اور 11 کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا  گیا کہ ایک ہفتے میں سرخ مرچ 6.26 فیصد ، چکن 5.29 فیصد، لہسن 1.50فیصد،انڈے 0.58 فیصد مہنگے ہوئے ۔ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں خوردنی گھی کا ڈھائی کلو ٹن 0.56فیصد، دال مونگ 0.48 فیصد، آلو 10.37،ٹماٹر 9.64 فیصد سستے ہوئے ۔اِسی طرح ایک ہفتے میں پیاز 7.43 فیصد، چینی 4.22 فیصد، دال چنا 1.76فیصد، دال مسور 0.74 فیصد، باسمتی چاول 0.17 فیصد سستے ہوئے ۔

اِسی عرصے کے دوران 27 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔ 2025 میں روزمرہ استعمال کی اشیا سے لے کر جان بچانے والی ادویات تک کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مجموعی طور پر مہنگائی کے اسی بڑھتے ہوئے رجحان نے غریب کے ساتھ ساتھ سفید پوش طبقے کو بھی شدید مشکلات سے دوچار رکھا۔ سال تو اختتام کے قریب ہے مگر مہنگائی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ چینی کی قیمت 200 روپے جبکہ چکی کا آٹا 150 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے ۔ موسمی سبزیوں اور پھلوں کے نرخ بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ شیور مرغی کا گوشت 640 روپے ، چھوٹا گوشت 2500 روپے اور بڑا گوشت بغیر ہڈی کے 1600 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ ٹماٹر 70 روپے میں دستیاب ہیں، تاہم پیاز 120، آلو 100، ادرک 500، لہسن 400، چونگاں 1000، ٹینڈا 250، مٹر 120، شملہ مرچ 220، کھیرا 120، بغیر پتے شلغم 100، پھول گوبھی 60، بند گوبھی 150، کریلے 180، اروی 200، بھنڈی 170، بیگن 180 اور سبز توری 180 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں۔ ۔ اتوار بازار بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں