پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ملکر لمبی اننگ کھیلنے کا ارادہ : ایاز صادق

پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ملکر لمبی اننگ کھیلنے کا ارادہ : ایاز صادق

لیگی وفد کی گڑھی خدا بخش آمد، زرداری،بلاول سے ملاقات،برسی میں شرکت جیل میں بیٹھ کر کسی کو افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے ،رانا ثنا

سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندہ دنیا)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی قیادت میں ن لیگی رہنماؤں کا وفد گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقدہ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے  سکھر پہنچا،جہاں وفد نے شہید بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سیاسی چیلنجز بشمول پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات اور پارلیمانی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق رانا ثنا اللہ اورطارق فضل چودھری کے ہمراہ سکھر ایئرپورٹ پہنچے ،جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کا ساتھ ملکرلمبی اننگ کھیلنے کا ارادہ ہے، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے انکے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کوجیل مینوئل کے مطابق سہولیات مل رہی ہیں اور جتنی سہولیات انہیں مل رہی ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،وزیراعظم نے ہربارکہا ہے مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہامحترمہ بینظیربھٹو اورپیپلزپارٹی کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ہیں۔رانا ثنا ئاللہ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر انارکی پھیلا رہے ہیں سیاسی جماعت کے ناطے ہمارا یقین ہے جمہوریت ڈائیلاگ سے بڑھتی ہے ،ڈیڈ لاک سے نہیں مگر پی ٹی آئی کے بانی کا رویہ شروع دن سے متنازع ہے ۔ن لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے گڑھی خدا بخش میں صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی اور اہم امور پر گفتگو کی جبکہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

دوسری جانب رانا ثناء اللہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں بیٹھ کر کسی کو ملک میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،مسائل کا حل صرف ڈائیلاگ سے ممکن ہے اور جمہوریت ڈیڈ لاک سے نہیں بلکہ بات چیت سے آگے بڑھتی ہے۔ رانا ثنا ئاللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مسلسل نامناسب اور برے الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی قانون کے مطابق ہے اور اس میں کسی قسم کے سیاسی انتقام کا عنصر شامل نہیں۔ لاہور میں وزیراعلیٰ کے پی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ انہیں مکمل پروٹوکول فراہم کیا گیا اور جان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں