لاہور بورڈ : انٹر پارٹ ٹو دوسرے سالانہ امتحانات، 35 فیصد کامیاب
50ہزار85 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا لیکن 32ہزار سے زائد فیل ہوگئے آئندہ سال آن سکرین مارکنگ، ممتحن کو صرف 1سوال چیک کرنیکی اجازت ہوگی
لاہور(خبر نگار)لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو دوسرے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا،32 ہزار سے زائد امیدوار فیل ہوگئے ،کامیابی کا تناسب صرف 35 فیصدرہا جبکہ پرچوں کی مارکنگ کو بہتر کرنے کیلئے آن سکرین مارکنگ کا آغاز 2026 سے ہوگا۔ سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن نے نتائج کا اعلان کیا۔رواں سال امتحان میں 50ہزار 85 امیدواروں نے شرکت کی،17ہزار 953امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 32 ہزار 132 امیدوار فیل ہوئے ۔ امتحان میں کامیابی کا تناسب 35 اعشاریہ85 فیصد رہا۔کامیابی کا تناسب کم آنے پر پوچھے گئے سوال پر کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن کا کہنا تھا کہ لاہور تعلیمی بورڈ آئندہ سال کمپیوٹر کے پیپر کی آن سکرین مارکنگ شروع کرنے جارہا ہے ۔ہر ایگزامینر کو پورا پیپر نہیں بلکہ صرف ایک سوال چیک کرنے کی اجازت ہوگی۔سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کا کہنا تھا آن سکرین مارکنگ سے غلطیوں کا امکان کم ہوگا اور نتائج میں بہتری آئے گی۔نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردئیے گئے ہیں۔