لیسکو سمارٹ میٹرز سکینڈل ،ایف آئی اے کی تحقیقات شروع
سپیشل انکوائری کمیٹی تشکیل، لیسکو سے سمارٹ میٹرز منصوبے کا ریکارڈ طلب
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکو میں اے ایم آئی میٹرز کی خریداری میں پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آنے پر ایف آئی اے لاہور زون نے لیسکو سمارٹ میٹرز سکینڈل کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں۔ایف آئی اے لاہور زون نے لیسکو میں اے ایم آئی میٹرز کی خریداری کے دوران پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد امان اللہ خان کی سربراہی میں سپیشل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، جس نے لیسکو سے سمارٹ میٹرز منصوبے اورٹینڈرنگ کی دستاویزات کا مکمل ریکارڈ31دسمبرتک طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق میٹرز کی خریداری میں ساڑھے 6 ارب روپے کے مبینہ سکینڈل کا انکشاف ہوا،جس پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے نئی انکوائری نمبر 287/2025 شروع کردی، لیسکو افسروں پر 3 لاکھ سمارٹ میٹرز کی خریداری و تنصیب کا ٹھیکہ قواعد کے برخلاف دینے کا الزام ہے اوریہ بھی الزام ہے کہ مناسب ٹینڈرنگ کے بغیر نجی کمپنی کو کنٹریکٹ دیا گیا،پیپرا قوانین کی خلاف ورزی پر لیسکو کے اعلیٰ حکام بھی شک کے دائرے میں ہیں۔