پنجگور میں فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 4 خوارج ہلاک
خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی، فائرنگ کا تبادلہ، اسلحہ، بارود ،دھماکا خیزمواد برآمد
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق کارروائی خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ہلاک ہونے والے خوارج طویل عرصے سے علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔ آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے ،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائیاں قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" وژن کے مطابق جاری رہیں گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔وزیراعظم شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔ دہشتگردی کے خلاف عزم استحکام میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔