سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

حرکت قلب بند ہونے کے باعث وفات، نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی صدر ، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر کا خراج عقیدت

اسلام آباد،کراچی،راولپنڈی(سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیرِ خزانہ وگورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر حرکت قلب بند ہونے کے باعث 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2 جنوری 2006 کو بینک دولت پاکستان کی 14 ویں گورنر کا عہدہ سنبھالا، وہ سٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں جبکہ اس وقت چیئرپرسن پاکستان سٹاک ایکسچینج تعینات تھیں۔ انہیں بینکاری کا قومی اور بین الاقوامی وسیع تجربہ حاصل تھا۔گورنر سٹیٹ بینک تقرر سے قبل وہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے بطور ڈائریکٹر جنرل، شعبہ جنوب مشرقی ایشیا وابستہ تھیں اور اس عہدے پر جنوری 2004ء سے کام کر رہی تھیں۔

قبل ازیں وہ اس شعبے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تھیں۔ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک میں ڈائریکٹر، نظم و نسق، مالیات اور تجارت ڈویژن برائے مشرقی اور وسط ایشیا کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔شمشاد اختر نے ایشیائی ترقیاتی بینک میں اپنے کیریئر کا آغاز 1990ء میں کیا اور مالی شعبے میں بطور سینئر اور مرکزی سپیشلسٹ خدمات انجام دینے کے بعد 1998ء میں وہاں منیجر بن گئیں۔وہ 1998ء سے 2001ء تک ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوآرڈی نیٹر برائے اپیک وزرائے خزانہ گروپ بھی رہیں،انہوں نے بینک کی کئی کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں جن میں تنظیمِ نو کمیٹی، اپیلز کمیٹی اور نگران کمیٹی وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹ اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سکیورٹیز کمیشن (آئی او ایس سی او) میں ایشیائی بینک کی طرف سے مکالمہ کیا اور نمائندگی کی۔ڈاکٹر شمشاد نے وسط ایشیائی ریاستوں اور جنوب مشرقی ایشیا بشمول عوامی جمہوریہ چین کے مالی و اقتصادی امور پر وسیع مہارت حاصل کی۔

ڈاکٹر شمشاد اختر عالمی بینک میں نائب صدر اور اقوامِ متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (یونیسکیپ )کی ایگزیکٹو سیکرٹری بھی رہیں۔ڈاکٹر شمشاد اختر حیدرآباد میں پیدا ہوئیں جبکہ کراچی اور اسلام آباد میں ابتدائی تعلیم حاصل کی ،انہوں نے پنجاب یونیورسٹی، قائدِ اعظم یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سسیکس، اور برطانیہ کے پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے ڈگریاں حاصل کیں۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمشاد اختر کی معیشت اور مالیاتی نظم و نسق کے شعبے میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مغفرت کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا شمشاد اختر ملک کی ممتاز ماہرِ معاشیات اور ایک قابل، دیانت دار شخصیت تھیں،انہوں نے سٹیٹ بینک اور دیگر اہم قومی و بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دے کر پاکستان کا نام روشن کیا، مرحومہ کی خدمات ملکی معیشت کے استحکام اور مالیاتی شعبے کی بہتری کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ڈاکٹرشمشاد اخترنے معاشی میدان میں پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں،ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، دیانت داری اور قومی معیشت کے استحکام کے لیے کی گئی کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وفاقی وزیرِ خزانہ اورنگزیب نے کہا ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کی معاشی تاریخ میں ایک باوقار، اصول پسند اور مدبر آواز تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں