اداروں کی مداخلت بند نہ ہوئی تو ترقی ممکن نہیں:عبدالغفور حیدری

 اداروں کی مداخلت بند نہ ہوئی تو ترقی ممکن نہیں:عبدالغفور حیدری

دریاخان(نمائندہ دنیا)ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، مرکزی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء اسلام پاکستان نے جامعہ دارالعلوم دریاخان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آئین میں مقرر حدود کی پاسداری نہیں کی جائے گی اور سیاست میں اداروں کی مداخلت بند نہیں ہوگی۔۔۔

 ملکی اور قومی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، امن و امان یا سیاسی و آئینی مسائل میں جمعیت علماء اسلام ہی واحد جمہوری قوت ہے جو عوام کی ترجمانی کر رہی ہے ۔ مولانا حیدری نے من پسند لوگوں کو پارلیمنٹ میں لانے کے تجربات کو  ملک کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ مداخلت نے پاکستان کو سیاسی و آئینی بحرانوں سے دوچار کر رکھا ہے ۔مولانا حیدری نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں مدارس سے متعلق بھی شق شامل کی گئی تھی، لیکن قوانین پر عمل درآمد ابھی تک نہیں ہو رہا۔ انہوں نے ختم نبوت ﷺ، ناموس صحابہؓ و اہل بیتؓ اور اسلامی اقدار کی حفاظت کو اپنی ترجیح قرار دیا اور کہا کہ ان معاملات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ طالبان ہمارے دوست ہیں اور پاکستان کو اپنی سرحدوں میں رہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مکمل کارروائی کا حق حاصل ہے ۔ امریکا پاکستان اور طالبان کے اچھے تعلقات پر کبھی مطمئن نہیں ہو سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں