کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی:سکیورٹی کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی منظوری،پنجاب پولیس کو20نئی آرمرڈ گاڑیاں دی جائینگی

کابینہ  کی  اقتصادی  رابطہ  کمیٹی:سکیورٹی  کیلئے   بلٹ  پروف  گاڑیاں  خریدنے  کی  منظوری،پنجاب  پولیس  کو20نئی  آرمرڈ  گاڑیاں  دی  جائینگی

قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم کوعالمی کامیابی پر16کروڑ 75لاکھ روپے انعام دینے کی منظوری ، ڈاکٹر شمشاد اختر کوخراج عقیدت پیش ،ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی پنجاب پولیس کیلئے 20 آرمرڈ وہیکلز پر1 ارب 20 کروڑ 36 لاکھ روپے خرچہ،صوبائی کابینہ نے اتھارٹی کمیٹی سے استثنیٰ اور ایڈوانس فنڈ ریلیز کی بھی منظوری دی

اسلام آباد (اے پی پی،آن لائن )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے دفاعی ضروریات کے تحت بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی جبکہ پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی اور بین الاقوامی کامیابی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کی منظوری بھی دی گئی ۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا۔ دفاعی تقاضوں، آپریشنل ضروریات اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضمنی گرانٹ سے بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جائیں گی جبکہ انڈر نائنٹین مینز کرکٹ ٹیم کو بین الاقوامی کامیابی، شاندار کارکردگی اور قومی اعزاز کے اعتراف میں 16 کروڑ 75 لاکھ روپے بطور انعام دیئے جائیں گے ۔ اجلاس کے آغاز میں کمیٹی نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر خزانہ نے مرحومہ کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں کئی اہم ادارہ جاتی اور ٹیکس اصلاحات کی بنیاد رکھی گئی جن کے مثبت اثرات آئندہ بھی اقتصادی حکمرانی پر مرتب ہوتے رہیں گے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکر ٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب کابینہ نے فسادات، احتجاج و دیگر خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے پیش نظر پنجاب پولیس کے لئے 20 محافظ وی آرمرڈ سکیورٹی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی، پنجاب پولیس کیلئے 20 آرمرڈ وہیکلز 1 ارب 20 کروڑ 36 لاکھ  روپے کی خریدی جائیں گی ۔یہ رقم مالی سال 2025-26 کے دوران سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی جبکہ کابینہ نے 31ویں اجلاس میں اتھارٹی کمیٹی سے استثنیٰ اور ایڈوانس فنڈ ریلیز کی بھی منظوری دے دی۔سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے کابینہ کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک آرمرڈ سکیورٹی وہیکل کی قیمت 6 کروڑ 1 لاکھ 80 ہزار روپے مقرر کی گئی، پنجاب پولیس کو فسادات، احتجاج، اور دہشت گرد حملوں جیسی خطرناک صورتحال میں امن و امان برقرار رکھنے میں شدید چیلنجز درپیش ہیں۔احمد جاوید قاضی نے انکشاف کیا کہ آرمرڈ گاڑیوں کی کمی کے باعث پولیس کی فوری اور موثر کارروائی کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے ، موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے ۔

پنجاب حکومت کے مطابق گاڑیوں کی خریداری سے فسادات، احتجاج اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی صلاحیت بڑھے گی، پنجاب کابینہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال، پولیس کو فوری آرمرڈ گاڑیاں فراہم کرنے کا حکم دیا۔کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ شہروں میں فوری رسپانس کیلئے آرمرڈ سکیورٹی وہیکلز تعینات کی جائیں۔پنجاب حکومت کے مطابق ہائی رسک صورتحال میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے خصوصی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب سے موصول ہونیوالی سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب پولیس کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، خصوصاً فسادات، بڑے احتجاجی مظاہرے اور دہشت گرد حملوں کے تناظر میں یہ فیصلہ ناگزیر قرار دیا گیا۔ کابینہ کے فیصلے کے مطابق آرمرڈ گاڑیوں کو شہروں میں فوری رسپانس، ہائی رسک آپریشنز، بڑے احتجاجی مظاہروں اور حساس سکیورٹی حالات میں استعمال کیا جائے گا، جس کے لئے فوری طورپر ایک ارب 20کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں