شہباز شریف کی اماراتی صدر سے رحیم یار خان میں ملاقات تجارت ،توانائی کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم
وزیراعظم نے شیخ زاید پیلس میں شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی، برادرانہ تعلقات کو سٹر ٹیجک اور باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ شہبازشریف کادونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کیلئے یو اے ای صدر کے عزم پر اظہارتشکر، 21لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کو سراہا ،علاقائی وعالمی امور پر بھی تبادلہ خیال
رحیم یار خان (اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شیخ زاید پیلس رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت نے آئی ٹی، توانائی، کان کنی و معدنیات اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو سٹر ٹیجک اور باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو شیخ زاید پیلس رحیم یار خان میں (یو اے ای) کے صدر سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ بیان کے مطابق ملاقات نہایت گرمجوش اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنمائوں نے 26 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات میں ہونے والے تبادلہ خیال کو آگے بڑھایا۔ شیخ محمد بن زاید النہیان نے بطور صدر یو اے ای پاکستان کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کیا ۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو ایک سٹر ٹیجک اور باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسے مطلوبہ سطح تک پہنچایا جا سکے ۔ دونوں رہنمائوں نے آئی ٹی، توانائی، کان کنی و معدنیات اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید النہیان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی پر گہرے اطمینان اور تحسین کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کے لئے یو اے ای کے صدر کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کو بھی سراہا جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کے علاوہ مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک سال کے دوران قیادت کی سطح پر ہونے والے بھرپور روابط کا تسلسل ہے ۔