اسٹاک ایکسچینج : 576 پوائنٹس کی تیزی، انڈیکس بلند سطح پر بند
فوجی فاؤنڈیشن سے منسلک تمام اداروں کی بہتر کارکردگی،102ارب منافع
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیسرے روز100 انڈیکس نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ۔ 100 انڈیکس نے دو نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ پہلا ریکارڈ بلند ترین سطح پر ٹریڈ اور دوسرا ریکارڈ ٹریڈنگ کا تاریخی سطح پر بند اختتام ہوا ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغا زمثبت زون سے ہوا۔100 انڈیکس 374پوائنٹس بڑھ کر1 لاکھ 74ہزار 270 پوائنٹس کی حد سے کھلا، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 74 ہزار 805 کی ریکارڈ حد تک ٹریڈ ہوا۔
یو اے ای کی جانب سے فوجی فاؤنڈیشن میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان سے اسٹاک مارکیٹ میں فوجی فاؤنڈیشن سے منسلک تمام اداروں نے مسلسل دوسرے روز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جن میں عسکری بینک ، فوجی فوڈز، فوجی فرٹیلائزر ، فوجی سیمنٹ سمیت آئل اینڈ گیس اور فارما سیکٹرز کی دیگر کمپنیاں سرفہرست ہیں۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 576 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 74 ہزار 472 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 102ارب کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں مجموعی حجم19 ہزار 692 ارب روپے ہوگیا۔