بااختیار بلدیاتی نظام دو، 15جنوری کو ریفرنڈم ہوگا: حافظ نعیم
ریفرنڈم کے بعد پنجاب کے بلدیاتی کالے قانون کے خلاف اسمبلی کا گھیراؤ کرینگے جماعت اسلامی پنجاب کی تمام یونین کونسلز کے انتخابات میں حصہ لے گی ، پریس کانفرنس
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ با اختیار بلدیاتی نظام کے حق میں 15جنوری کو ملک گیر ریفرنڈم ہوگا۔ نتائج کے بعد پنجاب کے بلدیاتی قانون کے خلاف صوبائی اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ منصورہ میں بلدیاتی نظام بالخصوص پنجاب میں حالیہ متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے قانون پر مشاورتی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کا بلدیاتی قانون واپس لیا جائے اور آئین کی دفعہ 140-اے کے مطابق تمام اختیارات منتقل کرکے صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ ۔ امیر جماعت اسلامی نے پنجاب کے قانون کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ جماعت اسلامی جمہوریت کی نرسری پر شب خون کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ نوکر شاہی راج ، بادشاہت یا ملکہ کے نظام کی بھرپور مزاحمت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا ‘‘ووٹ کو عزت دو’’ کا نعرہ عوام نے قومی انتخابات میں بخوبی دیکھ لیا، فارم47سے اقتدار میں آنے والوں نے بلدیاتی انتخابات بھی غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس عوامی شب خون پر کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پندرہ جنوری کے ریفرنڈم کے لیے مرکزی، صوبائی سطحوں پر آزاد ریفرنڈم کمیشن بنیں گے ،کروڑوں لوگوں سے رائے لی جائے گی۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے بھی پرزور مطالبہ کیا کہ عدالتوں کو صوبائی حکومت کو بھیجے جانے والے نوٹسز دکھانے اور ٹال مٹول کی بجائے اپنا اصل کام کریں اور انتخابات کرائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب کی تمام یونین کونسلز کے انتخابات میں حصہ لے گی اور بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ بدل دونظام کی تحریک میں مزید تیزی آئے گی۔