550سے زائدارکان پارلیمنٹ نے گوشوارے جمع نہ کرائے ،آج آخری تاریخ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )قومی اسمبلی، سینیٹ اورصوبائی اسمبلیوں کے ساڑھے پانچ سو زیادہ ممبران نے تاحال اپنے اثاثوں کے سالانہ گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائے ، الیکشن کمیشن نے ممبران پارلیمنٹ کے اثاثے جات جمع کرانے کیلئے آج( 31دسمبر) آخری تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔
گزشتہ رات (30دسمبر)تک 600 کے لگ بھگ ممبران پارلیمنٹ نے اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ قومی اسمبلی، سینیٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی مجموعی تعداد 11 سو 81 ہے جن میں قومی اسمبلی کے 336 ،سینیٹ کے 96 ، پنجاب کے 371، سندھ اسمبلی کے 168 ،خیبر پختونخوا کے 145 ،بلوچستان کے 65 ارکان شامل ہیں، ان میں سے 580 کے قریب ارکان نے تاحال سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرائے ۔ الیکشن کمیشن حکام نے دنیا کو تصدیق کی کہ گزشتہ رات تک 600 کے قریب ارکان پارلیمنٹ نے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرائے ہیں، آج رات 12 بجے تک ارکان پارلیمنٹ اپنے اثاثوں کے سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق 15 جنوری تک اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے ممبران پارلیمنٹ کی رکنیت معطل اور انہیں اجلاس میں شرکت سے روکنے کیلئے سپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو مراسلے بھجوائے جائیں گے ، سالانہ گوشوارے جمع کرانے کے بعد رکنیت بحال کی جائے گی اور اجلاس میں شرکت کی اجازت ہو گی۔