نیو ائیر پر آئس اور کوکین کا استعمال ، ایڈوائزری جاری

نیو ائیر پر آئس اور کوکین کا استعمال ، ایڈوائزری جاری

شراب کیساتھ ایکسٹیسی ،ایل ایس ڈی ،ہیروئن اور ویڈ کا استعمال بھی بڑھ جاتا کراچی، اسلام آباد ، لاہور، پشاورمیں تقریبات عروج پر ہونگی ،ذوالفقار حسین

لاہور(خبر نگار)ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب نے نیو ائیر نائٹ پر اہم ایڈوائزری جاری کر دی ۔کنسلٹنٹ انسدادِ منشیات مہم ذوالفقار حسین نے ایڈوائزری جاری کرتے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر فارم ہاؤسز اور خفیہ پارٹیوں میں آئس اور کوکین کے استعمال میں معمول کے مقابلے میں 20 فیصد تک اضافہ دیکھا جاتا ہے ۔ نیو ائیر نائٹ پارٹیوں میں شراب کے ساتھ ساتھ ایکسٹیسی ،ایل ایس ڈی ،ہیروئن اور ویڈ کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پارٹیوں میں ملاوٹ شدہ اور کیمیکل زدہ منشیات کے استعمال سے گریز نہ کیا گیا تو یہ انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہیں۔آن لائن پلیٹ فارمز، واٹس ایپ گروپس اور گھروں کے ذریعے منشیات کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا ۔کنسلٹنٹ انسدادِ منشیات مہم نے والدین پر زور دیا کہ وہ نیو ائیر نائٹ سے قبل اپنے بچوں کی کونسلنگ کریں۔انکے مطابق نیو ائیر نائٹ کیلئے خصوصی شراب عام دنوں کے مقابلے میں 30 فیصد زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے ، رائیونڈ روڈ، بیدیاں روڈ، برکی روڈ، ڈیفنس اور مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں خفیہ پارٹیوں کی تیاریاں جاری ہیں، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، مردان، حیدرآباد، کوئٹہ، سکھر، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، گجرات اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے سال کی تقریبات عروج پر ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں