نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ کو فون خطے کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم ، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کی شب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ خطے کے تمام متعلقہ فریقین کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز اقدام سے گریز کریں اور علاقائی امن و استحکام کے مفاد میں مسائل کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔دریں اثنائنائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بین الوزارتی اجلاس ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیر اعظم نے اہم ترجیحی شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔