پاکستان کا وینزویلا کی بدلتی صورتحال پراظہار تشویش
بحران کے خاتمے کیلئے تحمل کا مظاہرہ اور کشیدگی میں کمی لائی جائے :دفترخارجہ وینزویلا اپنے شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے حکام کیساتھ رابطے میں ہیں:بیان
اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان نے وینزویلا میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وینزویلا کے عوام کی فلاح و بہبود کو بہت اہم سمجھتا ہے ۔اتوار کو دفترِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان وینزویلا میں جاری پیش رفت کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے ۔بیان کے مطابق پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ بحران کے خاتمے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور کشیدگی میں کمی لائی جائے ۔پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام تصفیہ طلب معاملات اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق حل کیے جانے چاہئیں۔دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان وینزویلا میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں مقیم پاکستانی برادری کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومتِ پاکستان بیرونِ ملک مقیم اپنے شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔