سرپرست اعلیٰ جامعہ اشرفیہ فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے

 سرپرست اعلیٰ جامعہ اشرفیہ فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے

قرآن بورڈ کے چیئرمین اور وفاق المدارس العربیہ کے سرپرست بھی تھے نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور میں ادا کی جائیگی

 لاہور (سٹاف رپورٹر)جامعہ اشرفیہ لاہور کے سرپرست اعلیٰ و سابق مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی علالت کے بعد82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ مرحوم جامعہ اشرفیہ لاہور کے شیخ الحدیث، قرآن بورڈ حکومت پنجاب کے چیئرمین، عالمی رابطہ ادب اسلامی پاکستان کے صدر،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست اور کئی دینی کتابوں کے مصنف تھے ، مرحوم کی نماز جنازہ آج 5 جنوری بروز پیر بعد نماز ظہر 1:30بجے جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی، مولانا فضل الرحیم اشرفی کی وفات پر مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور قائدین کا اظہار تعزیت ، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، ناظم اعلیٰ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ ورلڈ کے امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ سمیت مختلف دینی و مذہبی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحیم کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم انتہائی متقی، پرہیز گار اور نیک سیرت انسان تھے ۔مرحوم کی تمام زندگی دین کی خدمت ،اسلام کی اشاعت، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور درس و تدریس میں گزری۔ ان کی وفات سے ملک ایک جید عالم دین سے محروم ہوگیا ،ان کا کہنا تھا کہ وہ مرحوم کے لواحقین اور ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل اور سکون عطا فرمائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں