لاہور 4،فیصل آباد میں2 بائیو گیس پلانٹس کی منظوری:منصوبے جلد مکمل کئے جائیں:مریم نواز
ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے الیکٹرک اور میٹرو بس کو سستی بجلی فراہم کی جائیگی، وزیر اعلیٰ کو بریفنگ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ، منصوبوں کا جائزہ ،پنجاب بھر میں پی ایچ اے قائم کرنے کیلئے پلان طلب
لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 6 بائیو گیس پلانٹس کی منظوری دے دی۔ لاہور میں 4 اور فیصل آباد میں 2 بائیو گیس پلانٹس سے پنجاب میں کلین انرجی کا عملی آغاز ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت کلین انرجی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔ جلاس میں پنجاب کی کلین انرجی مستقبل پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کسانوں اور ماحول دوست انقلاب کیلئے بائیو گیس پلانٹس بنائے جائیں گے ۔ بائیوگیس سے گھریلو توانائی کے ساتھ فصلوں کے لیے بائیو فرٹیلائزر بھی فراہم ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سمال بائیو گیس پلانٹس کا قابل عمل منصوبہ طلب کر لیا اور ملٹی پل فیول بائیو ریفائنری کے لئے فیزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر لاہور میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مریم نواز نے مثالی گاؤں پروگرام میں بائیو گیس پلانٹس کے تین پائلٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائیوگیس پلانٹ سے گھریلو استعمال کیلئے سستی گیس میسر ہوگی۔ بائیو گیس پلانٹ کے ذریعے فصلوں کے لئے بائیو فرٹیلائزربھی حاصل کی جاسکیں گی۔ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے الیکٹرک بس اور میٹرو بس کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت صوبے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں، پی ایچ اے ، صاف پانی اور دیہی روڈ منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کو مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 224 دیہات میں کام کے آغاز پر بریفنگ دی گئی۔پہلے فیز میں 469 دیہات میں واٹر سپلائی، ڈرینج، چلڈرن پارک، فٹ پاتھ اور سٹریٹ لائٹس لگے گی۔ اس موقع پرشہریوں کی سہولت کے لیے سیوریج لائن سڑکوں کی بجائے گرین بیلٹ میں بچھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مین ہول بھی سڑک کے کناروں پر بنائے جائیں گے ۔اجلاس میں ڈرینج اور سیوریج سسٹم کی پائیداری یقینی بنانے کیلئے 100 سال تک کار آمد سیوریج پائپ نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔و زیراعلیٰ نے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کی،لائیو ڈیش بورڈ سے خود نگرانی کریں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا پہلا فیز مکمل کر لیا گیا جبکہ دوسرا فیز 30 اپریل تک مکمل ہوگا۔ 7 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اپریل میں تکمیل کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مزید 11 اضلاع میں نئے پی ایچ اے قائم کر دیئے گئے ،ان کی مجموعی تعداد 21ہوگئی ہے ۔پورے صوبے میں پی ایچ اے قائم کرنے کے لئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ موجودہ پی ایچ اے کی افرادی قوت اور اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ پی ایچ اے کی مالی خود مختاری کے لئے ری سورس جنریشن کا پلان بنانے کی ہدایت کی اور ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پراجیکٹ کی دوسری قسط فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی زمین، اپنا گھر کے الاٹیز کو الاٹمنٹ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے گلیوں اور سڑکوں میں کھدائی کرکے کھلا چھوڑنے پر برہمی کا اظہار کیا ، مریم نواز شریف نے خراب پانی والے علاقوں کو واٹر فلٹریشن پلانٹ ترجیحی بنیادوں پر لگانے کا حکم دیا۔ مریم نوازنے کہا کہ ڈی جی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور کے علاقوں میں دور سے پانی لانے پر مجبور عوام کو گھر کی دہلیز پر بوتل واٹر ملے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور کینال کی بھل صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔