عمران کی بہنوں کا دھرنا اگلے منگل کو ملاقات کی یقین دہانی پر ختم
دھرنے کی جگہ پانی چھوڑ اگیا ، پولیس سے رات گئے مذاکرات کامیاب پولیس غیرقانونی احکامات نہ مانے :علیمہ، 10 ہزار کارکن آنے چاہئیں :اچکزئی
راولپنڈی ( احمد بھٹی ) بانی تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں بہنوں سمیت کسی بھی رہنما کو منگل کے روز ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ تینوں بہنوں نے کارکنوں سمیت فیکٹری ناکے پر دھرنا دیدیا جو 11 گھنٹے جاری رہا اور رات گئے ختم کر دیا گیا ۔ دھرنے میں محمود اچکزئی ، سلمان اکرم راجہ، علامہ نا صر عباس ، عون عباس بپی، شاندانہ گلزار، نعیم پنجوتھا، مینا خان آفریدی ،شوکت بسرا اور بیسیوں کارکن شریک ہوئے ۔پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ۔ اڈیالہ جیل جانے والے راستے 5 مقامات پر ناکے لگا کر بند کر دیے گئے ۔اسی دوران فیکٹری ناکے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے قرآن خوانی کی۔ راولپنڈی پولیس نے دھرنے کی جگہ پر پانی چھوڑ دیا،مجبوراً دھرنے کے شرکاء کو جگہ تبدیل کرنی پڑی وہ سڑک کے دوسری طرف چلے گئے ۔
کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔عمران خان کی بہن علیمہ خان نے گورکھپور ناکا پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قرآن خوانی میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ راستے بند کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جہاں روکا جاتا ہے وہیں قرآن خوانی کر لیتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے ، بانی کو قید میں رکھ کر انہیں کیا ملے گا۔پولیس والوں سے اپیل ہے کہ محنت مزدوری کریں لیکن غیرقانونی احکامات نہ مانیں۔ میڈیا میں بانی کا نام تک نہیں لیا جاتا لیکن اسرائیلی وزیر اعظم کی خبریں چلتی ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان کا کہنا ہے اڈیالہ جیل کے باہر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے ہونے والی قرآن خوانی کے دوران جیل انتظامیہ نے خواتین پر پانی پھینک دیا۔کوئی مسلمان ایسی حرکت نہیں کر سکتا ۔ دن 10 بجے دیا گیا دھرنا رات ایک بجے پولیس کی اس یقین دہانی پر ختم کیا گیا کہ اگلے منگل کو عمران خان سے آپ کی ملاقات کرا دی جائیگی ۔ مذاکرات کامیاب رہے ۔اس موقع پر محمود اچکزئی نے کہا کہ آئندہ منگل کو دس ہزار لوگ یہاں ہونے چاہئیں ، علیمہ خان نے کہا کہ کہاں ہیں لوگ، پارٹی عہدیدار اور دیگر یہاں کیوں نہیں، نورین نیازی نے کہا کہ ہمارے لئے نہ آئیں عمران کے لئے یہاں آئیں ۔