یمن : سعودی اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں:فضل الرحمن
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے نام جاری پیغام میں یمن کے حوالے سے سعودی عرب کے اقدامات اور قومی سلامتی کے دفاع کے فیصلوں کی مکمل حمایت کی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی قومی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کیلئے کئے گئے اقدامات جائز، ذمہ دارانہ اور خطے کے استحکام کیلئے اہم ہیں ۔سعودی عرب کا امن و استحکام امت مسلمہ کے امن کی ضمانت ہے ، سعودی عرب عالمِ اسلام میں مرکزی اور قائدانہ مقام کا حامل ہے ، جے یو آئی مستقبل میں بھی شاہ سلمان کی دانشمندانہ قیادت سے مملکتِ سعودی عرب کی مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا میں امن، اخوت اور استحکام کے فروغ میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار کی امید رکھتی ہے ،شاہ سلمان کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں ۔مولانا فضل الرحمن نے پیغام میں مزید کہا کہ سعودی عرب کی اسلام، مسلمانوں اور حرمین شریفین کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں ،جمعیت علماء اسلام مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات کیلئے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔