دھند:حادثات ،باپ بیٹے سمیت7جاں بحق،موٹروے بند،12پروازیں منسوخ

دھند:حادثات ،باپ بیٹے سمیت7جاں بحق،موٹروے بند،12پروازیں منسوخ

چناب نگرمیں باپ بیٹے ، ننکانہ میں 3افراد،جھنگ ،مظفرگڑھ میں 1،1شہری نے دم توڑا، 24زخمی لاہور سے کراچی جانیوالی ٹرینوں کا شیڈول متاثر،متعدد گھنٹوں لیٹ، شمالی علاقوں میں شدید سردی کا الرٹ

لاہور (نیوز ایجنسیاں،نمائندگان )ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات،باپ اوربیٹے سمیت 7افراد جاں بحق ، 24 زخمی ہو گئے جبکہ حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے کومتعدد مقامات پر عارضی بند کر دیا گیا۔ دوسری طرف لاہور سے کراچی جانیوالی ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ، متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکارہو گئیں، ادھر کراچی میں خرا ب موسم کے باعث 12پروازیں منسوخ، متعدد تاخیر کا شکارہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی شدید دھند چھائی رہی ، اس دوران جھنگ میں دھند کے باعث چنیوٹ روڈ پر گرین الیکٹرک بس نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 20سالہ موٹر سائیکل سوارنو جوان جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور بس لے کر فرارگیا، متوفی کے ورثاء نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور انصاف کی یقین دہانی پر لواحقین چلے گئے ۔

علاوہ ازیں چنیوٹ کے علا قہ چناب نگر میں کانڈیوال روڈ پر مائی کا ڈیرہ کے قریب بس نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار 40سالہ ظفر حسین اور اس کا والد 63سالہ محمد نواز دم توڑ گئے جبکہ ظفر کی اہلیہ 40سالہ مسرت بی بی زخمی ہو گئی۔ علا وہ ازیں فیصل آباد روڈپر ٹائر پھٹنے سے رکشہ کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجہ میں ڈرائیور سمیت 5 افراد ز خمی ہو گئے ۔ مزید برآں مظفرگڑھ کے علاقے تھانہ چوبارہ کی حدود نواں کوٹ میں اٹھارہ ہزاری روڈ پر شدید دھند کی وجہ سے ڈالہ سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا،حادثے کے نتیجے میں بھکر کا رہائشی 20 سالہ نوجوان محمد شان دم توڑ گیا جبکہ جھنگ کے رہائشی 35 سالہ شیر محمد، 45 سالہ مالک اور 32 سالہ قاسم زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال چوبارہ منتقل کر دیا گیا۔ اسی طرح ننکانہ صاحب میں شاہ کوٹ روڈ نزد چک نمبر54 میں ٹرالر سے تیز رفتار موٹر سائیکل ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں 50 سالہ شبیر اور 27 سالہ عبداللہ جاں بحق جبکہ 25 سالہ قاسم زخمی ہو گیا جبکہ ننکانہ صاحب میں احمد شاہ روڈ پر مانانوالہ پھاٹک کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے سڑک عبور کرنیوالا 70 سالہ شخص اللہ دتہ دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں مانانوالہ روڈ پر بہاول کوٹ سٹاپ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی سے تصادم میں موٹر سائیکل سوار21 سالہ یاسر اور 22 سالہ علی رضا زخمی ہو گئے ۔

ادھر ٹبہ سلطان پور کے علاقے چوک میتلا میں لاہور سے کراچی جانیوالی دو بسوں اور بہاولپور جانے والی کار کے درمیان تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے ۔ تمام حادثات کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب موٹروے پولیس نے ایم 3 سمندری سے رجانہ تک ، موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان تک،ایم 5 کو ملتان سے ظاہر پیر تک بڑی گاڑیوں کیلئے عارضی طور پر بند کر دیا ۔ علاوہ ازیں دھند کے باعث ریلوے آپریشن بھی متاثر ہو گیا جس کے نتیجے میں لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی قراقرم ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے شام 5 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی ۔ اسی طرح پاک بزنس ایکسپریس اورکراچی ایکسپریس گھنٹوں تاخیر سے روانہ ہو ئیں۔ دوسری طرف این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں ممکنہ شدید سردی کی لہرکے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار ریجن اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں