اسٹاک ایکسچینج: 1لاکھ 87ہزارکی حد عبور،165ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج: 1لاکھ 87ہزارکی حد عبور،165ارب منافع

1456پوائنٹس بڑھ کر 100انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 86 ہزار 518 پربند ہوا563 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ،299 میں اضافہ، 161 کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(بزنس رپورٹر)شرح سود میں کمی کی روشن توقعات ، کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج کی خبریں ، نئے سرمایہ کاروں کی بڑے پیمانے پر آمد ، بڑے مالیاتی اداروں کی اسٹاک ایکسچینج میں واپسی کے ایس ای 100 انڈیکس کو بلند بالا مقام تک پہنچا گئی۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی تاریخ ساز تیزی کا تانتا بندھا رہا، ریکارڈ تیزی کے تسلسل سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 85 ہزار کی حد سے بڑھ کر 1لاکھ 86 ہزار اور 1لاکھ 87 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین حدیں رقم کرگیا ۔

دن بھر سرمایہ کاروں کی جانب سے آٹو ، سیمنٹ ، آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے شیئرز میں نمایاں کام ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا اختتام 1456 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 86 ہزار 518 پوائنٹس کی ریکارڈ حد سے ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 397 پوائنٹس اضافے سے 57477 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے سے 111118 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 3094 پوائنٹس اضافے سے 263795 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 563 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 299 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 161 میں کمی اور 103 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دوسری جانب ریکارڈ سرمائے کی آمد سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن تاریخ میں پہلی بار 20 ہزار 905 ارب روپے سے تجاوز کرگئی، دن بھر کی ریکارڈ تیزی سے اسٹاک سرمایہ کاروں نے ایک روز میں 165 ارب روپے کا منافع کمایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں