بحریہ کی معاونت سے پاک،چین مشترکہ سمندری سائنسی مہم کا آغاز
سائنسی تحقیقی مہم میں پاک بحریہ کا سروے ویسل پی این ایس بحر مساح تعینات کیا گیا مشترکہ اوشیانوگرافک کروز دونوں ممالک کے مابین مسلسل تعاون کی ایک روشن مثال
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان نیوی، نیشنل ہائیڈروگرافک آفس کے ذریعے پاکستان اور چین کی مشترکہ سمندری تحقیقاتی مہم میں معاونت فراہم کر رہی ہے ۔یہ تحقیقاتی مہم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانوگرافی پاکستان اور چین کے سیکنڈ انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانوگرافی کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے ۔اس سائنسی تحقیقی مہم میں معاونت کے لئے پاک بحریہ کا سروے ویسل پی این ایس بحر مساح تعینات کیا گیا ہے ، جو ملک میں بحری آگہی کے فروغ اور سمندری سائنسی تحقیق کی سرپرستی کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے ۔یہ مشترکہ سمندری تحقیقاتی مہم پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کی علامت ہے ، جس کا مقصد پاکستانی سمندری حدود میں سمندری ماحول کے حوالے سے بہتر آگاہی کا حصول ہے ۔ اس مہم کے تحقیقی نتائج ملکی ساحلی اور سمندری علاقوں کی بہتر سمجھ بوجھ ،ماحولیاتی رحجانات کے بہتر اندازے اور جامع بحری منصوبہ بندی و پالیسی سازی کے لئے معاون ثابت ہوں گے ۔پاک چین مشترکہ اوشیانوگرافک کروز دونوں ممالک کے مابین مسلسل تعاون کی ایک روشن مثال ہے اور شمالی بحیرہ عرب کی اوشیانو گرافک آگہی میں اہم کردار ادا کرے گا۔