صدر زرداری سے مناما میں بحرینی وزیر داخلہ کی ملاقات
منشیات سمگلنگ کیخلاف اقدامات ،سکیورٹی تعاون پر اقدامات رکھنے پر اتفاق بحرین کی سرمایہ کار دوست معیشت عالمی ماحول میں قابلِ تقلید مثال ہے :خطاب
اسلام آباد،منامہ (سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز،اے پی پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے منامامیں بحرینی وزیر داخلہ سے ملاقات کی، اس موقع پر سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے درمیان انسداد دہشتگردی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، بحرینی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا خصوصی ذکر کیا جس پر صدر زرداری نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ محسن نقوی میرے بیٹے بلاول کے بعد دوسرے بیٹے کی مانند ہیں۔
ملاقات میں پاکستان بحرین نے منشیات سمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق اور منظم جرائم کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی پر زور دیا جبکہ سکیورٹی تعاون بڑھانے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے مناما میں بحرین اکنامک ڈویلپمنٹ بورڈ کے استقبالیہ سے خطاب میں کہا کہ بحرین کے ساتھ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، شراکت داری اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں،بحرین کی سرمایہ کار دوست معیشت کامیابی سے بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں قابلِ تقلید مثال ہے ،پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔آصف علی زرداری نے شیخ عیسیٰ ایوارڈ عطا کرنے پر شاہِ بحرین سے اظہارِ تشکر کیا ۔