محکمہ صحت پنجاب کی 2 ہزار سے زائد مستقل اسامیاں ختم

محکمہ صحت پنجاب کی 2 ہزار سے زائد مستقل اسامیاں ختم

ہسپتالوں میں فوری تقرری ممکن، پنشن و ترقی کے روایتی نظام کا اطلاق نہیں ہوگا

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )محکمہ صحت میں مستقل اسامیاں ختم، مجموعی پیکیج (لمپ سم پیکیج )پر 2115 نئی بھرتیوں کی منظوری دیدی۔ پنجاب حکومت نے محکمہ صحت میں بڑی پالیسی تبدیلی کرتے ہوئے جنرل کیڈر اور کنسلٹنٹس کی 2115 مستقل اسامیاں ختم کر دیں جبکہ ان کے متبادل کے طور پر 2115 نئی اسامیاں تخلیق کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سیکنڈری لیول ہیومن ریسورس رولز 2025 کی منظوری کے ساتھ کیا گیا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق نئی اسامیاں مستقل سروس سٹرکچر کے بجائے سپیشل پے پیکیج کے تحت لمپ سم بنیادوں پر متعارف کرائی گئی ہیں،جن میں مستقل ملازمت، پنشن اور ترقی کے روایتی نظام کا اطلاق نہیں ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان بھرتیوں کا بنیادی مقصد ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی دستیابی بہتر بنانا اور سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانا ہے ۔ حکومت کے مطابق اس فیصلے سے فوری تقرری ممکن ہو سکے گی اور ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کمی پر قابو پایا جا سکے گا۔ نئی بھرتیاں سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی بنیاد پر کی جائیں گی جبکہ محکمہ خزانہ پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے دوران ان اسامیوں پر اخراجات کی اجازت بھی دے دی ہے ۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اقدام مالی نظم و ضبط کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں